راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن)راولپنڈی میں ڈینگی مچھروں کے حملوں کا سلسلہ تاحال نہ رک سکا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 20 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق شہر میں اب تک مجموعی طور پر 11 ہزار 93 افراد کی اسکریننگ کی جا چکی ہے جن میں سے 676 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ رواں برس تاحال ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔ڈینگی کے 51 کنفرم مریض اس وقت مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔ ڈینگی سرویلنس کے لیے تشکیل دی گئی 1499 ٹیموں نے اب تک 53 لاکھ 85 ہزار 385 گھروں کی چیکنگ کی ہے۔
اس دوران 14 لاکھ 51 ہزار 737 مقامات کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے 21 ہزار 802 مقامات پازیٹو نکلے۔مزید برآں، ایک لاکھ 83 ہزار 813 جگہوں پر ڈینگی لاروا برآمد ہوا جسے فوری طور پر تلف کردیا گیا۔ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر اب تک 4301 ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں۔