راجہ پرویز اشرف 31

راجہ پرویز اشرف کا پٹرولیم مصنوعات میں یکمشت 55روپے فی لیٹر اضافے پر شدید تشویش کا اظہار

گوجر خان(رپورٹنگ آن لائن)سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت 55روپے فی لیٹر اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ قرار دیا ہے۔جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس اضافے کو مسترد کرتی ہے اور اس کے خلاف پارلیمنٹ میں بھرپور آواز اٹھائے گی۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مقدس مہینے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتنے بڑے اضافے سے عوام کی عید کی خوشیاں ماند پڑ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو قیمتوں میں اضافے سے قبل عوام کو متبادل ریلیف پروگرام دینا چاہیے تھا تاکہ مہنگائی کے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ علاقائی کشیدگی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جاتا۔

ان کے مطابق قیمتوں میں اس ہوشربا اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا جس کا براہ راست اثر عام آدمی پر پڑے گا۔راجہ پرویز اشرف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر گورننس مانیٹرنگ سیل قائم کیا جائے تاکہ معاشی صورتحال اور مہنگائی کے اثرات پر موثر نظر رکھی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں