عبدالعلیم خان

ذرائع مواصلات کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جارہا ہے، عبدالعلیم خان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ذرائع مواصلات کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جارہا ہے، موٹرویز پر ایم ٹیگ اور ای ٹکٹنگ کا موثر نفاذ، موبائل ایپ، ٹریول ایڈوائزی، سڑکوں کی صورتحال اور موسمیاتی اطلاعات کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سےیورپی کمیشن کیلئے یو این کی ایگزیکٹو سیکرٹری ٹٹیانا مولکین نے مراکش میں ملاقات کی ہے۔ سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یو این سیکرٹری جنرل کے نمائندے جان ٹوڈٹ نے بھی وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات کی ہے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ٹٹیانا مولکین اور جان ٹوڈٹ کو پاکستان میں ذرائع مواصلات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر اور یواین کے نمائندہ نے پاکستان اور دیگر ممالک میں روڈ انفراسٹرکچر پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ وفاقی وزیر مواصلات نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ذرائع مواصلات کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے، موٹرویز پر ایم ٹیگ اور ای ٹکٹنگ کا موثر نفاذ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے یو این نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موبائل ایپ، ٹریول ایڈوائزی، سڑکوں کی صورتحال اور موسمیاتی اطلاعات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیرنے مزید کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے لئے قومی شاہرات پر “ایکسل لوڈ ” کی پابندی کو بھی یقینی بنا رہے ہیں۔

یورپی یونین کی ایگزیکٹو سیکرٹری اور یو این سیکرٹری جنرل کے نمائندہ نے وفاقی وزیر سے گفتگوکے دوران کہا کہ یورپی یونین پاکستان میں ذرائع آمدورفت کو محفوظ بنانے کا خواہاں ہے، شاہرات کو محفوظ بنانے اور روڈ سیفٹی کے عالمی معیار پر عملدرآمد کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تمام ملکوں کو روڈ سیفٹی یقینی بنانا ہوں گی۔

انہوں نے پاکستان میں شاہراہوں پر حادثات اور اموات میں کمی کو بھی اطمینان بخش قرار دیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور جان ٹوڈٹ نے موجودہ عالمی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے چوتھی منسٹریل کانفرنس کے انعقاد پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے ترقی پذیر ممالک زیادہ مستفید ہو سکتے ہیں۔