لاہور(رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ 23 مارچ کا دن تجدیدِ عہدِ وفا کا دن ہے جس دن برصغیر کے مسلمانوں نے علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا تھا،پاکستان کا استحکام ہمارے اتحاد اور عزم سے جڑا ہوا ہے، ہمیں تحریکِ پاکستان کے جذبے کو زندہ رکھنا ہوگا،دہشتگرد تنظیموں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
یوم پاکستان کے موقع پر گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول، قصور میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے مرکزی تقریب منعقد کی گئی جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، وزیر مملکت ملک رشید احمد خان، اور ممبر صوبائی اسمبلی ملک سعید احمد خان نے شرکت کی۔ تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری سعد وسیم شیخ، ڈپٹی کمشنر عمران علی، اور ڈی پی او عیسی خاں سکھیرا بھی شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے قائداعظم کے اصولوں کو اپنانا ہوگا، اور نوجوانوں کو اپنی محنت اور جدوجہد سے پاکستان کا روشن مستقبل یقینی بنانا ہوگا۔وزیر مملکت ملک رشید احمد خان نے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، اور اس کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ یکجہتی اور محنت سے کرنا ہوگا۔ ممبر صوبائی اسمبلی ملک سعید احمد خان نے وطن کی حفاظت میں جانیں نچھاور کرنے والے شہدا ء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے محسنوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ڈسٹرکٹ جیل قصور کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے قیدیوں کے ساتھ افطار کی خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر نعت خوانی اور تلاوت قرآن پاک کے مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے قیدیوں کو انعامات دیے گئے۔تقریب میں ڈی آئی جی جیل خانہ جات نوید رف، سپرنٹنڈنٹ میاں عمیر، ممبر پنجاب بار کونسل ملک ریاض احمد خان اور چیئرمین عفیرا فانڈیشن زبیر خان بھی شریک تھے۔ملک محمد احمد خان نے جیل میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم جوتے، فرنیچر اور بلب بنانے کے کارخانوں کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کی ہنر مندی کو سراہا۔
اس دوران ایک قیدی کی جانب سے تیار کردہ خصوصی کرسی انہیں پیش کی گئی جس پر اسپیکر اسمبلی نے کاریگر کو 50 ہزار روپے انعام دیا۔انہوں نے جیل اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جو کام گزشتہ 30 سال میں نہیں ہو سکے، وہ اس حکومت میں ممکن ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق جیلوں میں بہتری کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور قیدیوں کو بہتر سہولیات اور تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔آگے بڑھتے ہوئے، ملک محمد احمد خان نے کہا کہ جیلوں میں جاری اصلاحاتی عمل سے قیدیوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے گی اور وہ ایک ہنر مند شہری کے طور پر معاشرے کا حصہ بن سکیں گے۔