اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع پنجگور، بلوچستان میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر بلوچستان حکومت، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے ناگزیر ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ بیرونی مداخلت کی وجہ سے ملک میں پھیلائی جانے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی اور ریاست ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنائے گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔









