اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشتگردوں کیخلاف جنگ میں اپنے جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بنوں میں فرنٹیئر کور ہیڈ کوارٹرز پر ہونے والے دہشت گرد حملے کو ناکام بنانے والے جوانوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے اس بہادری کو قوم کے حوصلوں کی بلندی اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے لازوال قربانیوں کا عکاس قرار دیا۔
یوسف رضا گیلانی نے دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی کے نڈر اور جانثار سپوتوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بنوں میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر حملہ دراصل فتنۂ خوارج کی ایک اور ناکام کوشش تھی جسے جوانوں کی جرات، حوصلے اور عزم نے ناکام بنا دیا، دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے کیونکہ پاکستانی قوم اور فورسز ان کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹی ہوئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حملے میں چھ بہادر سپوتوں نے مادرِ وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پوری قوم کے سر فخر سے بلند کر دیئے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بلکہ یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔