سائرہ بانو

دھرمیندر کے ابتدائی کیریئر میں دلیپ کمار انکے لیے روشنی کی کرن تھے، سائرہ بانو

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ کی اپنے عہد کی حسین اور معروف اداکارہ اور لیجنڈری ہیرو دلیپ کمار (یوسف خان مرحوم) کی بیوہ سائرہ بانو نے اپنے مرحوم شوہر اور ماضی کے شہرت یافتہ ہیرو دھر میندر کے بارے میں چند یاد گار واقعات کا تذکرہ کیا۔

واضح رہے کہ دلیپ کمار اور دھر میندر لگ بھگ ہم عصر تھے اور دونوں فلم پاری میں اکٹھے نظر آئے اس فلم میں دلیپ کمار بطور مہمان اداکار کام کر رہے تھے۔ یاد رہے کہ دونوں نے سن 1966 کی اس فلم کے علاوہ کسی اور فلم میں اکٹھے کام نہیں کیا۔ سائرہ بانو نے اپنے حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں دھرمیندر کی دلیپ کمار کے ساتھ دوسری ملاقات کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ فلم شعلے سے شہرت حاصل کرنے والے دھرم جی نے دلیپ کمار کی بہن فریدہ کی مدد سے دلیپ کمار سے ملاقات کا وقت لیا۔

78 سالہ سائرہ بانو نے بتایا کہ صاحب (دلیپ کمار) دھرم جی سے بالکل بڑے بھائی کی طرح پیش آئے جس میں محبت کی چاشنی اور اپنائیت موجود تھی، دھرم جی نے انہیں کافی توجہ سے سنا اس دوران دلیپ کمار انگلش، پنجابی اور اردو میں گفتگو کرتے رہے۔ سائرہ بانو کے مطابق اس رات باہر کافی سردی تھی اور دلیپ کمار نے دھرم جی کو جب کاٹن کی شرٹ میں ملبوس واپس جاتے دیکھا تو ایک سوئٹر نکال کر انہیں دیا۔

سائرہ بانو کے مطابق دلیپ کمار، دھرمیندر کی زندگی میں روشنی کی کرن تھے اور پھر دونوں کے درمیان ایسی قربت ہوئی کہ جب بھی دھرمیندر کو کوئی مسئلہ ہوتا تو وہ دلیپ کمار کے پاس آتے۔چاہے دن کا کوئی بھی پہر ہو وہ سیدھے انکے پاس چلے آتے، اس وقت دھرمیندر کو یہ معلوم نہیں تھا کہ شہرت اور کامیابیوں کو کیسے سنبھالا جاتا ہے۔