عثمان بزدار

دکھی انسانیت کیلئے عطیات دینے والوں کا جذبہ قابل تقلید ہے، عثمان بزدار

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کیلئے عطیات دینے والوں کا جذبہ قابل تقلید ہے،کورونا کا پھیلا روکنے کیلئے عوام اورنجی اداروں کو اپنابھرپور تعاون جاری رکھنا ہوگا۔ لاہور میں وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار سے کوکا کولا کمپنی کے پاکستان و افغانستان ریجن کے نائب صدر و جنرل مینجر فہد اشرف نے ملاقات کی۔

فہد اشرف نے کوکا کو لاکمپنی کی جانب سے وزیراعلی عثمان بزدار کو سینتیس وینٹی لیٹرز کا عطیہ دیا۔ وزیراعلی عثمان بزدارنے وینٹی لیٹرز عطیہ کرنے پر کوکا کولا کمپنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں کورونا مریضوں کے لئے وینٹی لیٹرز عطیہ کرنا قابل تحسین ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ یہ وقت کورونا متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے۔ دکھی انسانیت کی مدد کرکے ہی مٹی کا قرض اتار سکتے ہیں۔

کورونا وبا کے دوران کوکا کولا اور دیگر اداروں کا سماجی ذمہ داری نبھانے کا رویہ لائق تعریف ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ کٹھن وقت میں دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامنا عبادت سے کم نہیں۔ عطیات ہمارے معاشرے کی انفرادیت ہے۔ سب کو کورونا کاپھیلا روکنے کیلئے اپنا مثبت اورفعال کردارادا کرنا چاہیے۔