اسلام آباد( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ یہ انتہائی مضحکہ خیز ہے کہ دو سال والی حکومت مستعفی ہو کر 30سال میں ناکام حکومتیں کرنے والی مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کوموقع دے تاکہ وہ پاکستان کو بچاسکیں ،
موجودہ حکومت ماضی کی طرح ڈھنگ ٹپائو نہیں بلکہ منصوبہ بندی کے ساتھ طویل المدت پالیسیاں مرتب کررہی ہے ،سپیشل اکنامک زونز میں قائم ہونے والی انڈسٹریز کو ٹیکسز میں چھوٹ سمیت ہر طرح کی مراعات اور سہولیات دی جائیں گی ۔ ا ن خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں حلقہ این اے 131کے رہنمائوں اور صنعتکاروںکے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ قوم اپوزیشن جماعتوں کی بڑھتی ہوئی بے چینی سے اچھی طرح آگاہ ہے ،جیسے جیسے پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اپوزیشن کی تکلیف بڑھتی جارہی ہے ۔اے پی سی کے نام پر ایک دوسرے کو دھوکہ دینے والی اپوزیشن جماعتیں ملک و قوم کے مفاد میں کیا لائحہ عمل مرتب کریں گی ؟۔اپوزیشن پانچ سال انتظار کرے اس کے بعد انتخابات کے میدان میںمقابلہ ہوگا اور عوام بہترین منصف ہیں وہ جسے چاہیں گے حکومت میں لے آئیں گے۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ایک طرف وسط مدتی انتخابات کے کھوکھلے نعرے لگا ئے جارہے ہیں اور دوسری طرف پارٹی اجلاسوں میں بطور اپوزیشن کارکردگی نہ ہونے پر پریشانی کا اظہار بھی کیا جارہا ہے ۔وزیر اعظم عمران خان سچے اور کھرے انسان ہیں اور نظام کے حوالے سے جو بات کرتے ہیں وہ پاکستان کا درد رکھتے ہوئے کرتے ہیں ۔
حکومت نے اپنے سیاسی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے کئی دہائیوں کے خراب نظام کو تبدیل کرنے کیلئے اصلاحات کی کڑوی گولی نگلنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس میں مزاحمت کا سامنا بھی ہے لیکن ملک و قوم کے بہترین مفاد میں اس جدوجہد کو انجام تک پہنچائیں گے۔