لاہور/سیالکوٹ/گوجرانوالہ/فیصل آباد( ر پورٹنگ آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران نے مہنگائی کی شدید ہوتی لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی قوت خرید نہ ہونے سے ہر طرح کا کاروبار شدیدمندی کا شکار ہے جس سے تاجروں کیلئے روز مرہ کے اخراجات پورے کرنابھی مشکل ہوتاجارہا ہے ،حکومت صرف چینی اور گندم درآمد کر کے مہنگائی پر قابو نہیں پا سکتی بلکہ بجلی ، گیس اورپیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتیں بھی قیمتیں کنٹرول کرنا ہوں گی جو مہنگائی بڑھنے کی بڑی وجوہات ہیں ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنی رہائشگاہ پر مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے تاجروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پہلے تاجرموسم گرمایاموسم سرماآنے پر لاکھوں روپے کا مال خریدنے کے آرڈردیتے تھے لیکن آج خریدار نہ ہونے اور مندی کے رجحان کی وجہ سے یہی آرڈر ہزاروں میں آگئے ہیں اور تاجر اس کی بھی ادائیگیاں کرنے سے قاصر ہیں۔ عوام کی قوت خرید ہونے سے پیسہ سر کولیٹ کرتا ہے جس سے معیشت بھی چلتی ہے لیکن آج صورتحال ایک جگہ رکی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق گزشتہ دو سالوں کے دو ران کاروبارمیں مجموعی طو رپر 55سے60فیصد تک کمی کارجحان دیکھا گیا ہے ، بتایا جائے40فیصد کے ساتھ تاجر اپنے کاروباری اخراجات پورے کریں یا اپنے گھروالوں کا پیٹ پالیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پیٹرول ،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں فی الفور40سے50فیصد تک کمی لا کر انہیں کم ازکم دو سال تک منجمد کرے تاکہ عوام کو سانسیں بحال ہو سکیں۔