شہزادہ فیصل بن فرحان 52

دو ریاستی حل کے فارمولے پر تمام ممالک کا اتفاق،نیویارک کانفرنس کا اعلامیہ جاری

ن یویارک (رپورٹنگ آن لائن)سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے دو ریاستی حل سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کی اختتامی دستاویز کی منظوری کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ جامع دستاویز سیاسی، سکیورٹی، انسانی، اقتصادی اور قانونی نکات پر مشتمل ہے، جو مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے قابلِ عمل فریم ورک فراہم کرتی ہے۔شہزادہ فیصل نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے اختتام سے قبل اس دستاویز کی حمایت پر زور دیا اور سعودی و فرانسیسی مشنوں کو باضابطہ طور پر آگاہ کیے جانے کی اہمیت اجاگر کی۔یہ بیان نیویارک میں مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور دو ریاستی فارمولے کے نفاذ سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے دوسرے اور آخری روز دیا گیا، جو سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ قیادت میں منعقد ہوئی۔

پہلے دن کی کارروائی میں فلسطینی مسئلے کے منصفانہ حل اور غزہ کے عوام کو دانستہ بھوکا رکھنے کی شدید مذمت پر اتفاق رائے سامنے آیا، جبکہ امریکی موقف تھا کہ یہ کانفرنس امن کے امکانات کو متاثر کر سکتی ہے۔ ادھر برطانیہ لیبر پارٹی کے اندر بڑھتے دبا کے تناظر میں فلسطین کو باضابطہ ریاست تسلیم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔اسی تناظر میں شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس امر پر زور دیا کہ کئی ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے خواہش مند ہیں اور یہ حق فلسطینی عوام کا جائز اور قانونی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو ریاستی حل ایک عالمی اتفاق رائے کی عکاسی کرتا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں، عرب امن منصوبہ اور زمین کے بدلے امن کے اصول کے مطابق اس حل کا عملی نفاذ ہی مسئلہ فلسطین کے خاتمے کی راہ ہموار کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں