مٹیاری (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ دونوں پارٹیاں سرکاری وسائل سے مارچ کر رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق ایشیا کے عظیم صوفی بزرگ آغا عبدالرحیم کے 175 و یں تین روزہ عرس مبارک کی تقریبات میں شرکت کے لیئے مٹیاری پہنچ گئے ۔
سراج الحق نے مٹیاری میں یا رسول اللہ کانفرنس میں شرکت سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اصل مسائل پاکستان کی عوام کا بلاول اور عمران نہیں ہے، 75 سالوں سے شطرنج کا ایک کھیل کھیلا جارہا ہے جس سے پاکستانی عوام کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، صرف نقصان ہوا ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ان پارٹیوں کو اقتدار حاصل کرنے سوا کوئی اور مفاد نہیں، اس ملک میں غریب عوام کے لئے ایک اسکول اور امیر عوام کے لئے الگ اسکول ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا سندھ کی عوام سے سوال ہے دونوں مارچ سے کیا فائدہ حاصل ہوا ، دونوں پارٹیاں سرکاری وسائل سے مارچ کر رہی ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ میرا دونوں پارٹیوں کو مشورہ ہے آپس میں لڑنے کے بجائے ملک دشمن عناصر سے لڑیں، ان کی آپس میں لڑائی کی وجہ سے دشمن عام آدمی کو نشانہ بنا رہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 75 سالوں میں ان پارٹیوں نے پاکستان کو بھوک، مفلسی، تباہ حال تعلیم، اور کرپشن کے علاوہ اور کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی نا اہلی کی وجہ سے کشمیر بھی ہاتھ سے چلا گیا ہے۔