ملک نعمان لنگڑیال

دوسرے ممالک میں ایم پی ڈی ڈی طرز کے کامیاب اداروں کو سٹڈی کیا جائیگا ‘ ملک نعمان لنگڑیال

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ملک نعمان لنگڑیال نے ہیڈ آفس کا دورہ کر کے مختلف امور پر بریفنگ لی ۔ملک نعمان لنگڑیال نے ندیم محبوب کو سیکرٹری کے عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ ایم پی ڈی ڈی صوبائی افسران کی تربیت کے حوالے سے انتہائی اہم محکمہ ہے ۔

ٹریننگ پر مامور افسران انتہائی پروفیشنل ہیں اور اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے نبھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک میں اس طرز کے کامیاب اداروں کو باقاعدہ سٹڈی کیا جائے گا اوراس کی روشنی میں اس محکمے کو اپ گریڈ کریں گے ۔

وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کو ایم پی ڈی ڈی کے دورے کی دعوت دی ہے اور انہیں محکمے کے امور میں مزید بہتری لانے کے لئے سفارشات پیش کی جائیں گی اورمنظوری کے بعد اس پر عملی پیشرفت کا آغاز کیا جائے گا ۔

قبل ازیں صوبائی وزیر ملک نعمان لنگڑیال نے سیکرٹری اور دیگر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکموںکے ساتھ موثر رابطے رکھے جائیں اوریہاں سے تربیت کرنے والے صوبائی افسران کی تربیت میں اس ادارے کے پروفیشنل ہونے کی جھلک نظر آنی چاہیے ۔

صوبائی افسران کی اس طرح تربیت کی جائے کہ وہ فیلڈ میں فرائض سر انجام دیتے ہوئے سائلین کو بوجھ سمجھنے کی بجائے ان کا ہمدرد بن کر ان کے مسائل کو حل کریں جس سے پنجاب حکومت کا مثبت امیج بھی اجاگر ہوگا ۔ہیڈ آفس پہنچنے پر سیکرٹری ایم پی ڈی ڈی ندیم محبوب نے دیگر افسران کے ہمراہ صوبائی وزیر ملک نعمان لنگڑیال کا پرتپاک استقبال کیا ۔