ملک سیف الملوک کھوکھر 77

دوسروں کو چو ر ،ڈاکوکہنے والے عمران خان کی اپنی ڈکیتیوںپر عدالت سے مہر ثبت ہو رہی ہے ‘ سیف کھوکھر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ دوسروں کو چو ر اور ڈاکوکہنے والے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپنی ڈکیتیاں قوم کے سامنے آنے اور ان پر عدالتوںسے مہر ثبت ہونے کا سلسلہ جاری ہے ،

عمران خان کا دور حکومت عوام کیلئے ڈرائونے خواب کی طرح ہے جس نے ملک کو کئی دہائیاں پیچھے دھکیل دیا تھا،قیادت کی ہدایت کے مطابق عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کرنے کے لئے پر عزم ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقے کی عوام کی سہولت کیلئے وائٹ پیلس مرغزار کالونی میں فری نادرا کیمپ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نادرا کوارڈی نیٹر چوہدری مختار جٹ، کوارڈی نیٹر سوشل ویلفیئر مطیع الرحمن کھوکھر، امیر علی ملک، شازیہ بھٹی ،سدرہ صغیر، امن اشرف، وردہ حبیب اور مریم وقار سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

کیمپ میں عوام کو شناختی کارڈ، ب فارم، ایف آر سی اور دیگر سہولیات مفت فراہم کی گئیں۔ سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ حلقے کی عوام کی فلاح و بہبود اور ان کی مشکلات کے لئے عملی اقدامات ہماری سیاست کا محور ہیں ، اپنی قیادت کی پیروی کرتے ہوئے عوام کی خدمت کے مشن پر عمل پیرا ہیں اور اس میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حلقے کی تعمیر و ترقی کے لئے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں اور ان شا اللہ پانچ سال بعد یہ مثالی حلقہ کہلائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں