شیخوپورہ(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی و پاکستان مسلم لیگ( ن )کے مرکزی سینئر رہنما رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا ہے کہ دوسروں کو چور چور کہنے والے دونوں ہاتھو ں سے قومی دولت لوٹ رہے ہیں،نواز لیگ کا بیانیہ میاں محمد نواز شریف کا ویژن ہے جو ملکی ترقی،عوامی خوشحالی اور پائیدار قیام امن سمیت موثرو مربوط خارجہ پالیسی پر مبنی ہے،
میگا ترقی اسی میگا ویژن کی مرہون منت ہے نواز لیگ نے اپنے ہر دور اقتدار میں انفراسٹرکچر کو مضبوط کیا، نوجوانوں کو نوکریاں دیں، غریب عوام کے وسائل کو بڑھایا، صحت و تعلیم کی سہولیات دیں، نئے ہسپتالوں کی تعمیر اور شہری و دیہی علاقوں میں تعلیمی اداروں کا قیام ممکن بنایا تاکہ کسان مزدور اور ہاری کا بچہ بھی پڑھ لکھ کر قومی ترقی کے دھارے میں شامل ہوسکے، گورننس بہتر کی، موٹرویز کے جال بچھائے، ایئرپورٹس تعمیر کئے، سی پیک کے تحت معیشت کو دوام بخشا اور سرمایہ کاری کے فروغ سے پاکستان کو معاشی ٹائیگر بنانے کی راہ ہموار کی، اندھیروں میں ڈوبے ملک کو اجالے دیئے، ہزاروں میگا واٹ توانائی کے منصوبے لگا کر لوڈشیڈنگ کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ اورصنعتی ترقی و خوشحالی کی مضبوط بنیاد رکھی، اداروں کو فعال کیا اور انہیں اپنے پاﺅں پر کھڑا کرکے ہر طرح کی مداخلت سے پاک کیا آج نواز لیگ کی قیادت پاکستان کی شان اور پہنچان ہے اور اس کا دور اقتدار ملکی تاریخ کا سنہری باب ہے،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ممبر ضلع کونسل حاجی طارق محمود ڈوگر کے ڈیرہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل انجینئر احمد عتیق انور، میڈیا کوآرڈینیٹر ندیم گورایہ، یو سی چیئرمین ملک ظہیر احمد، ملک نوید چوہان، صدر پی پی 138چوہدری محمود اختر گورایہ، حافظ عبدالرزاق، ملک نوید بگا ڈوگر اور صدر سوشل میڈیا پی پی 138رانا عبدالقادر بھی موجود تھے، رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)مہنگائی کے معاملے میں پارلیمنٹ میں خاموش نہیں ،عوام کو بدترین مہنگائی کا سامنا ہے اس لیے اپوزیشن کو عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے موجودہ حکومت کا رویہ رہاہے کہ جس کسی نے ان کی نااہلی اور خامیوں کی نشاندہی کی وہ اس کے اوپر چڑھائی کردیتے ہیں اور ان دنوں الیکشن کمیشن ان کے عتاب کا شکار ہے،
انہوں نے کہا کہ حکمران ہر سفارتی محاذ پر ناکام ہیں، جتنی تاریخی ذلت اور رسوائی عمران خان کے حصے میں آئی ہے میرا نہیں خیال کہ کسی کے حصے میں اتنی آئی ہے، رانا تنویر حسین نے کہا کہ نواز لیگ نے شدیدسیاسی انتقام برداشت کیا مگر اداروں پر تنقید نہیں کی موجودہ حکمرا ن ہر اس ادارے پر چڑھ دوڑتے ہیں جو انکی مرضی کی بات نہیں کرتا الیکشن کمیشن کے خلاف حکومتی ارکان کی محاذ آرائی اسکی واضح مثال ہے جو نہایت خطرناک ہے، حکومت کی جانب سے آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی بات بھی آر ٹی ایس کی طرح ہے جس پر قطعی طور پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا،انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے قبل عمران خان نے احتساب کا بھاشن دے کر لوگوں کے سر میں درد کردیا اور اب غیر ملکی دوروں میں ملنے والے تحائف پر بات ہوئی تو انہوں نے تفصیلات دینے سے انکار کردیا،یہ ان کا ذاتی مال نہیں ہے، یہ عمران خان کا ذاتی یا خاندانی مال نہیں بلکہ پاکستان کی امانت ہے، دوسروں کو چور چور کہنے والے دونوں ہاتھو ں سے قومی دولت لوٹ رہے ہیں۔