سانگلہ ہل(رپورٹنگ آن لائن ) مرکزی رہنما مسلم لیگ(ن) چوہدری برجیس طاہر ایم این اے نے کہا ہے کہ پٹرول اور بجلی کی قیمتیں مزید بڑھیں گی یہ بہت آگے تک جائیں گی دوسروں کو چور ڈاکواور لٹیرا کہنے واے عمران نیازی چوروں ،ڈاکوﺅں سے بھی آگے ہے جو ڈاکا مارنے کے بعد ملک چھوڑ کر بھاگنا چاہتا ہے۔
مرکزی سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے لئے اور کیا موقع ہو سکتا ہے ان سے آخری نوالہ تک چھینا جا رہا ہے ادویات تک رسائی ختم ہو گئی ہے عوام کو اب آرام سے نہیں بیٹھنا چاہئے وقت آگیا ہے کہ نااہل ناتجربہ کار کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئیں اگر اب عوام نہ نکلے تو یہ اور قیمتیں بڑھائیں گے عوام میدان میں نہ نکلے تو تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی،عمران خان نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا ہے،دنیا جانتی ہے مصر سمیت جس نے بھی آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا اس کا دیوالیہ ہوا،دوسرے ملکوں سے مہنگائی کا موازنہ کرنے والے ان کی آمدن اور اخراجات کابھی موازنہ کریں عوام کو بے وقوف بنانے کا موقع گزر چکا ہے،میں سمجھتا ہوں اب عوام اس کا انتظار نہ کریں برجیس طاہر کا کہنا تھا کہ عمران خان تم نالائق ہو حکومت نہیں چلا سکتے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے ملک کی اکانومی کا جنازہ نکال دیا ہے اسمبلی میں آکر استعفی دو اور نگران حکومت کا اعلان کرو تاکہ آزادانہ منصفانہ الیکشن کرائے جا سکیں،
ان کا مزید کہنا تھا کہ کہ گندم کی بوائی کا سیزن شروع ہو چکا ہے ڈی اے پی کھاد 84 سو روپے میں مل رہی ہے ،گنا کا کرشنگ شروع ہونے والا ہے چینی150 روپے کلو مل رہی ہے ،پٹرول145کا لیٹر ہے،مسلم لیگ(ن) کی تنظیم سازی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یونین کونسل کی سطح سے صوبائی لیول تک تنظیم سازی مکمل کر لی ہے آئندہ ہفتے حلقہ پی پی132 میں لیگی ورکروں کارکنوں کی طرف سے مہنگائی کے خلاف شاہکوٹ میںجلوس نکالا جائے گا۔