دوبئی ایکسپو 160

دوبئی ایکسپو 2020 کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے محکمے معیاری ڈاکو مینٹریز اور مواد تیار کریں’صوبائی وزیر صنعت وتجارت

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال اور چیف سیکرٹری کامران علی افضل کی زیر صدارت دوبئی ایکسپو میں شرکت کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی کا چوتھا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہواجس میں دوبئی ایکسپوکے حوالے سے محکمانہ انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں دوبئی میں انٹرنیشنل بزنس کانفرنس کے انعقاد، ایڈوانس ٹیم بھجوانے، دوبئی ایکسپو کے حوالے سے مالیاتی امور اور دیگر معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوبئی ایکسپو 2020 کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے محکمے معیاری ڈاکو مینٹریز اور مواد تیار کریں۔ دوبئی ایکسپو کے ذریعے صوبہ پنجاب کے سرمایہ کاری کے پوٹینشل کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماہ نومبر میں دوبئی میں صوبائی حکومت کی طرف سے انٹرنیشنل بزنس کانفرنس کے انعقاد سے پنجاب میں نئی سرمایہ کاری آئے گی۔ انٹرنیشنل بزنس کانفرنس کے مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ہوں گے اور اس کانفرنس میں ایوان ہائے صنعت وتجارت اور بزنس کمیونٹی کی بھر پورنمائندگی ہوگی۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ دوبئی ایکسپو کے ذریعے پنجاب میں صنعت کاری کے عمل کو تیز کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے سرمایہ کاروں کو آگاہی دی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ دوبئی ایکسپو میں شرکت کرنے والے صوبائی محکمے اپنے انتظامات جلد مکمل کریں۔ سیکرٹری صنعت وتجارت ڈاکٹر واصف خورشید،چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر ارفع اقبال اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں