کراچی (رپورٹنگ آن لائن) جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں کشمکش جاری ہے اور یہی کشمکش کسی بڑے انقلاب کا پیش خیمہ ہے ، اس کشمکش اور اہل غزہ کی مزاحمت نے فلسطین اور قبلہ اول کی آزادی کے مسئلے کو پوری دنیا میں زندہ مسئلہ بنادیا ہے، اللہ کی کبریائی بلند کرنا ہی دراصل کامیابی ہے.
اسرائیل نے اپنے توسیع پسندانہ عزائم واضح کیے اور ایران پر بلا جواز حملہ کیا ، ایران نے اللہ کے بھروسے پر اسرائیل کو جواب دیا، تل ابیب پر حملے سے آنکھوں کو ٹھنڈک ملی، پاک بھارت جنگ میں اللہ کے فضل سے کامیابی ملی ، بنگلا دیش میں ظلم وستم کا خاتمہ بھی اللہ کی مہربانی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع سائٹ غربی کے تحت مہم چرم قربانی میں حصہ لینے والے کارکنان کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، تقریب سے امیر ضلع ڈاکٹر نورالحق ، قیم ضلع راشد خان ، نائب امیر ضلع و ناظم مہم چرم قربانی سید سلطان روم ، نائب امیر ضلع نذر محمدبرکی و دیگر نے خطاب کیا ۔
اس موقع پر ناظمین علاقہ جات ، ناظمین حلقہ جات ، جے آئی یوتھ کے ذمے داران ، پبلک ایڈ کمیٹی کے ذمے داران سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی ۔منعم ظفر نے کہا کہ بہترین محفل کے انعقاد پر تمام ذمے داران کومبارکباد پیش کرتا ہوں ، ایک مہم کے بعد دوسری مہم کسی بھی تحریک کا خاصہ ہے،ہمارا کارواں اسلامی انقلاب کی جانب رواں دواں ہے، ہمارا مقصد رضائے الٰہی کا حصول ہے اور قرآن و سنت صحابہ کرام کی زندگیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں.
انہوں نے چرم قربانی مہم میں حصہ لینے والے تمام کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سائٹ غربی نے پورے کراچی میں فیصد کے لحاظ سے کھالوں میں سب سے زیادہ اضافہ کیا اور خدمت کی مثال قائم کی ، سنت ابراہیمی کا مقصد اپنی عزیز چیز کو اللہ کی راہ میں قربان کرنے کا درس ہے ، انسان مال اور اولاد سے زیادہ محبت کرتا ہے ، اللہ کی اطاعت کی بہترین مثال ہے، غزہ کے مسلمانوں نے قربانی کی ایسی مثال کی ہے جس کی تاریخ میں کہیں مثال نہیں ملتی یہ فرض پوری امت کو ادا کرنا تھا ، قبلہ اول کی آزادی ہم سب پر قرض ہے.
ہزاروں شہدا کا خون اس جدو جہد میں شامل ہے، اہل غزہ سب سربکف ہیں ، اس قربانی نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے ، جن کے ضمیر زندہ ہیں ان کوفلسطین کے مسلمانوں نے بیدار کردیا ، پوری دنیا سراپا احتجاج ہے، اسماعیل ہنیہ اور یحییٰ سنوار کے پورے خاندان قربان ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریک کے کارکن کی ذمے داری ہے کہ اس موقع پر اسلامی انقلاب کی جانب اٹھتے قدم کا ساتھ دے ،اور اس کے لیے جدوجہد کرے، جدوجہد میں زندگی ہے اور یہ جاری رہے گی ، عوام کو جماعت اسلامی کے قریب لایا جائے .
ہر حلقے میں کام کو منظم کیا جائے ، نوجوانوں اور بزرگوں کو تحریک کی دعوت پہنچائی جائے ، بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر اللہ کی بندگی میں دینا ہے ، چھوٹے چھوٹے یونٹ میں کام کریں لوگوں تک دعوت پہنچائیں ، دعوت کے لیے انبیاء کرام جیسی بے چینی اپنے اندر پیدا کریں ، لوگوں کو اس بڑے مشن سے آشنا کرنا ہماری ذمے داری ہے ، بڑا کام انجام دینے کے لیے کمر کس لیجئے ، شہر کے اندر بے شمار مسائل ہیں ، شہر کے ہر اہم مسئلے پر ہم نے آواز اٹھائی ہے ، پانی ،بجلی ، گیس ، نادرا کے مسائل سمیت ہر مسئلے پر آوازاٹھائی .
ممبر سازی مہم کے بعد ان سے رابطہ ضروری ہے ، عوامی کمیٹیاں بنائی جائیں ، عوام کے مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھائیں ، کل پاکستان اجتماع عام کی تیاری شروع کریں ، رابطہ کمیٹیاںقائم ، تربیت کا مضبوط انتظام کیا جائے ۔ جماعت اسلامی کی قوت بڑھانے کے لیے کام کیا جائے ، جماعت اسلامی کی حکومت ہوگی تو ملک میں اسلامی انقلاب ہوگا اور ملک سے ظلم کا خاتمہ اور انصاف کا بول بالا ہوگا ۔
ڈاکٹر نورالحق نے کہا کہ کارکنان کی شب وروز محنت کی وجہ سے ہمیں یہ اعزاز حاصل ہوا کہ ہم مہم چرم قربانی میں سب سے زیادہ کھالیں جمع کرنے میں کامیاب ہوئے ، انہوں نے جماعت اسلامی ضلع سائٹ کے تمام کارکنان ، جے آئی یوتھ کے تمام ذمے داران و کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ بعد ازاں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے چرم قربانی مہم میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ناظمین علاقہ جات میں شیلڈز تقسیم کیں اور انہیں مبارکباد دی ۔