پیپلزپارٹی ن

دنیا میں ترقی یافتہ ممالک نے ای وی ایم کو ناکام قرار دیا ہے‘ شازیہ مری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری کا کہنا ہے کہ دنیا میں ترقی یافتہ ممالک نے ای وی ایم کو ناکام قرار دیا ہے‘یورپی یونین کے کسی ملک میں ای وی ایم استعمال نہیں ہو رہا، جرمنی جیسے ملک کی سپریم کورٹ نے 2009 میں الیکٹرونک ووٹنگ کو غیر آئینی قرار دے کر مسترد کیا‘عوام مہنگائی اور بیروزگاری سے پریشان ہے اور سلیکٹڈ وزیرِاعظم کو دوبارہ سلیکٹ ہونے کی فکر ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ عوام مہنگائی اور بیروزگاری سے پریشان ہے اور سلیکٹڈ وزیرِاعظم کو دوبارہ سلیکٹ ہونے کی فکر ہے۔شازیہ مری کا کہنا تھا کہ وزریرِاعظم کو مشین کے ذریعے سلیکٹ ہونے کا شوق ہے مگر مسائل حل کرنے کی فکر نہیں، پاکستان کے الیکشن کمیشن نے الیکٹرونک ووٹنگ پر تکنیکی اور آئینی اعتراضات اٹھائے ہیں۔

شازیہ مری نے کہا کہ یورپی یونین کے کسی ملک میں ای وی ایم استعمال نہیں ہو رہا، جرمنی جیسے ملک کی سپریم کورٹ نے 2009 میں الیکٹرونک ووٹنگ کو غیر آئینی قرار دے کر مسترد کیا۔ شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کی چیخیں نکالیں اور دوبارہ مسلط ہونا چاہتے ہیں، ملک ایک اور نئے تجربے کا متحمل نہیں، الیکشن میں مداخلت کو ختم کرنا ہوگا۔ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا کہ آج چولہوں میں گیس نہیں، روزگار نہیں، ادویات مہنگی، راشن مہنگا، بجلی مہنگی ہے، آج ہر پاکستانی، بچہ، بوڑھا، نوجوان، دو لاکھ کا مقروض ہو چکا ہے۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ ملک آئی ایم ایف کے حوالے اور عوام اللہ کی حوالے ہیں، عمران خان ایسا جوکر ہے جو قوم کو ہنسانے کے بجائے رولا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ روز اپوزیشن کو گالیاں دینے سے ملک کے مسائل حل نہیں ہونگے، پاکستان ترقی کی بلندیوں کو چھونے کی صلاحیت رکھتا ہے مگر افسوس یہ ہو نہیں رہا۔

شازیہ مری نے کہا کہ ہمیں خود کو معاشی، سیاسی اور سماجی طور سے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے اس نااہل حکومت سے نجات حاصل کرنی ہوگی۔