لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے انسانیت کے خدمت گاروں کو سلام پیش کرتی ہوں۔ انسانیت عظیم نسبت ہے جو تمام رشتوں سے بلند اور ہر سرحد سے بے نیاز ہے۔
دوسروں کے لئے راحت، آسودگی اور آسانیوں کا وسیلہ بننا انسانیت کی خدمت ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے انسانی ہمدردی کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا کہ انسانیت کی خدمت کا جذبہ رنگ،مذہب اور ہر تعصب سے بالاتر ہے۔ موجودہ عالمی حالات کے تناظرمیں انسانیت کی خدمت کا جذبہ پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ غزہ کا معصوم شہیدانسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہا ہے۔غزہ کے بچوں اور کشمیریوں کی آہیں دنیا کے ہر حساس دل کو پکار رہی ہیں۔انسان سے ہمدردی عبادت کے مترادف ہے ، یہی سب سے بڑی خدمت ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب کا ہر اقدام اور پراجیکٹ انسانی ہمدردی اور عوام کی خدمت کے لئے ہے۔ ایسی دنیا بنائیں جہاں امن،محبت اور انسانیت ہو۔