مکوآنہ (رپورٹنگ آن لائن)دنیا بھر میں امرود کی کاشت کے لحاظ سے پاکستان پانچویں نمبر پر آگیاہے جبکہ بھارت 45 فیصد حصے کے ساتھ پہلے، چین دوسرے، تھائی لینڈ تیسرے اور انڈونیشیا چوتھے نمبر پر ہے۔
انسٹیٹیوٹ آف ہارٹیکلچر سائنسز جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین اثمار نے بتایا کہ دنیا بھر میں امرود کی 400 اقسام پائی جاتی ہیں تاہم پاکستان میں گولا، صراحی، گلابی امرود اور کریلہ زیادہ مشہور ہیں۔انہوں نے بتایا کہ امسال پاکستان میں امرود کی پیداوار 804 ہزار ٹن رہی جس میں سے ایک چھوٹا سا حصہ برآمد کرکے 755 ملین روپے کمائے گئے جس میں اضافہ کے وسیع مواقع اور امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اگرچہ پاکستان کے تمام صوبوں میں امرود کی کاشت ہوتی ہے تاہم پنجاب اور سندھ کو امرود کی کاشت کے حوالے سے نمایاں مقام حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں ضلع شیخوپورہ کا علاقہ امرود کی پیداوار کے لحاظ سے ملک بھر میں سر فہرست ہے۔