تل ابیب (رپورٹنگ آن لائن)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہاہے کہ ان کا ملک شام میں دمشق سے جبل الشیخ تک ایک غیر مسلح خطہ قائم کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شامی حکام کے ساتھ معاہدہ ممکن ہے لیکن اسرائیل کے اصولوں پر سختی سے قائم رہنا لازم ہے۔نیتن یاہو نے یہ بات شیبا ہسپتال کے دورے کے دوران کہی جہاں وہ ان 55 ویں بریگیڈ کے فوجیوں کے ساتھ تھے جو شام میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سرحد کے قریب اسرائیلی قصبوں کی حفاظت پر مصر ہیں، جس میں شمالی سرحد بھی شامل ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں شامی حکومت سے توقع ہے کہ وہ دمشق سے لے کر جبل الشیخ کے داخلی راستوں اور چوٹی تک ایک بفر زون قائم کرے۔ ہم ان زمینوں کو اسرائیلی شہریوں کی حفاظت کے لیے برقرار رکھتے ہیں۔ اگر شامی حکام ان اصولوں کو سمجھ کر حسن نیت کے ساتھ عمل کریں تو معاہدہ ممکن ہے، لیکن ہر حال میں ہم اپنے اصولوں پر قائم رہیں گے۔









