احمد الشرع

دمشق ، شام میں لا پتا امریکی صحافی کی والدہ کی احمد الشرع سے ملاقات

دمشق (رپورٹنگ آن لائن)شام میں نئی انتظامیہ کے قائد احمد الشرع نے امریکی صحافی اوسٹن ٹائس کی والدہ سے ملاقات کی۔

اوسٹن شام میں خانہ جنگی کی کوریج کے لیے آیا تھا اور وہ 2012 سے لا پتا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صحافی کی والدہ اپنے بیٹے کی تلاش میں دمشق پہنچیں۔ اوسٹن کو شام کی جنگ کی کوریج کے عرصے میں اگست 2012 میں دمشق کے ایک نواحی علاقے داریا سے اغوا کر لیا گیا تھا۔

امریکی صحافی اوسٹن ٹائس کی والدہ ڈیبرا ٹائس نے باور کرایا ہے کہ شامی حکام ان کے بیٹے کو واپس لانے کے لیے پر عزم ہے۔ دمشق میں احمد الشرع سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ دمشق میں قیام کے دوران میں مجھے شام کی نئی قیادت سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔

یہ جان کر بہت مسرت ہوئی کہ وہ لوگ میرے بیٹے کو واپس اس کے گھر لانے کا مصمم ارادہ رکھتے ہیں۔ ڈیبرا نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اوسٹن کو گھر واپس لانے پر کام کے لیے نہایت پابند ہو گی۔