کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دفاعی نمائش سے ملکی پروڈکشن میں اضافہ ہورہا ہے۔بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سب سے پہلے آرگنائزر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، 51 ممالک اور دو سے زائد وفود اس نمائش میں شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جو آرم پروڈکشن ہے وہ بھی انڈسٹری پروان چڑھ رہی ہے، اس سرگرمی سے بزنس بڑے گا۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ آئیڈیاز کا ایونٹ سندھ میں ہونا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے، یہ اب تک کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، توقع کرتے ہیں کہ آگے جاکر اس کا بہت فائدہ ہوگا۔
انہوںنے کہا کہ آج بات ہورہی تھی کہ یہ جگہ چھوٹی پڑ رہی ہے، مجھے منتظمین بتارہے تھے کہ جگہ کی کمی کی وجہ سے بہت سے لوگوں کو منع کرنا پڑتا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ اس سال ہمارا خاص فوکس پولیس کے سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ یونٹس کو مضبوط بنانے پر ہے، ہم چاہتے ہیں سندھ پولیس کو اتنا مضبوط کریں کہ کسی دوسرے ادارے کی لاجسٹکس کے معاملے میں محتاجی نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی دفاعی نمائش سے ملکی پروڈکشن میں اضافی ہورہا ہے، یہ امر معیشت کی مثبت سمت میں پیشرفت کی جانب اہم قدم ہے۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ پہلے کی اور آج کی اس نمائش میں بہت فرق ہے، آئی جی ٹیم بنائی ہے کہ ہمیں کن چیزوں کی ضرورت ہے۔مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ابھی حال ہی میں ہمارا گھوٹکی کے قریب کچے میں نقصان ہوا ہے، حکومت سندھ پوری طرح سے سپورٹ کرے گی۔