حمزہ شہباز

دعا کریں عوام کو اس حکومتی عذاب سے نجات ملے،حمزہ شہباز

خانیوال (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا کہ دعا کریں عوام کو اس حکومتی عذاب سے نجات ملے، ہفتہ کوخانیوال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ 4برس کے جھوٹ ایک طرف مگر برطانیہ کی عدالت نے شہبازشریف کو سرخرو کیا،ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے غریبوں کا جینا حرام کر دیا ہے،

شہباز شریف کے دور میں کینسر سمیت دیگر امراض کی ادویات مفت ملتی تھیں، موجود حکومت کرپشن کا جھوٹ بول کر اپنی نا اہلی چھپا رہی ہے، عوام کے خلاف انتقامی کارروائیاں جاری ہیں،انہوں نے کہا کہ لوگوں کے پاس دوائی اور بجلی کے بلوں کے پیسے نہیں، نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت نے مل کر ملک کے لیے کام کیا،حمزہ شہباز نے کہا کہ قوم کرب میں مبتلا ہے، ہم دوبارہ سے ترقی کا دور شروع کریں گے، عوام کی فلاح کے لیے کوئی منصوبہ نہیں بنایا گیا۔