سید یوسف رضا گیلانی

دعاء ہے رمضان المبارک ہم سب کیلئے باعث رحمت، مغفرت اور نجات ثابت ہو، سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دعاء ہے رمضان المبارک ہم سب کیلئے باعث رحمت، مغفرت اور نجات ثابت ہو،رمضان المبارک اللہ تعالی کا عظیم تحفہ اور برکتوں، مغفرت اور رحمت کا مہینہ ہے،رمضان المبارک کا اصل پیغام صبر، تحمل، اتحاد اور معاشرتی فلاح و بہبود کا فروغ ہے۔

ہفتہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ماہِ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں کے آغاز پر پوری قوم اور امتِ مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اللہ تعالی کا عظیم تحفہ اور برکتوں، مغفرت اور رحمت کا مہینہ ہے، جو ہمیں صبر، شکر، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے۔ اس مقدس مہینے میں اللہ تعالی اپنی رحمتوں کے دروازے کھول دیتا ہے، گناہوں کی معافی کا موقع فراہم کرتا ہے اور اپنے بندوں کو تقوی و پرہیزگاری کی روش اختیار کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ روزہ ہمیں نہ صرف جسمانی آزمائش سے گزارتا ہے بلکہ روحانی طور پر مضبوط کرتا ہے۔ یہ ہمیں ہمدردی، محبت اور اخوت کا سبق سکھاتا ہے اور دوسروں کی تکالیف کو سمجھنے اور ان کی مدد کرنے کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔ رمضان المبارک کا اصل پیغام صبر، تحمل، اتحاد اور معاشرتی فلاح و بہبود کا فروغ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بابرکت مہینے میں ہمیں اپنے اردگرد موجود مستحق افراد کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے تاکہ کوئی بھی شخص بھوک یا ضرورت کے باعث مشکلات کا شکار نہ ہو۔

یہ ہمارا دینی اور اخلاقی فرض ہے کہ ہم معاشرے میں محبت، بھائی چارے اور ایثار کی فضا کو فروغ دیں اور ان اعلی اقدار کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں جو رمضان المبارک ہمیں سکھاتا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ہمیں اللہ تعالی کے حضور گڑگڑا کر دعا کرنی چاہیے کہ وہ ہمیں حقیقی معنوں میں رمضان المبارک کی برکتوں سے مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے، ہمارے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے اور ہمیں باہمی اتحاد، محبت اور رواداری کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ دے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی ہم سب کے روزے، عبادات اور نیک اعمال قبول فرمائے اور ہمیں اس مقدس مہینے کی حقیقی روح کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق دے۔رمضان المبارک ہم سب کے لیے باعثِ رحمت، مغفرت اور نجات ثابت ہو۔
٭٭٭٭٭