میاں ز اہد حسین

دشمن ممالک، دہشت گرد تنظیمیں پاک چین دوستی کے درپے ہیں،میاں ز اہد حسین

کراچی (ر پورٹنگ آن لائن) نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراورسابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ دشمن ممالک اور ان کا ساتھ دینے والی مقامی دہشت گرد تنظیمیں پاک چین دوستی کے درپے ہیں جن کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ ملک میں چینی باشندوں پر حملے بڑھ رہے ہیں جس کا تدارک کیا جائے اور ان کی سیکورٹی بڑھائی جائے۔ اگر چینی پاکستان میں محفوظ نہیں رہیں گے تو سی پیک سمیت بہت سے ترقیاتی منصوبے متاثر ہوجائیں گے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بعض ممالک افغانستان میں ہارنے والی جنگ پاکستان میں جیتنا چاہ رہے ہیں جس کے لئے مقامی دہشت گرد تنظیموں کو بھی استعمال کیا جا رہا ہے جو ریاست کی رٹ کو مسلسل چیلنج کر رہی ہیں۔ چین نے اپنے باشندوں کی ہلاکت پر دبے لفظوں میں احتجاج شروع کر دیا ہے جو تشویشناک ہے۔ چین ہمارا بہترین دوست ہے جو پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکا ہے اور اس وقت بھی سرمایہ کاری میں سر فہرست ہے اس لئے چینی حکومت کے تحفظات فوری طور پر دور کرنے کی ضرورت ہے۔

داسو ڈیم پر کام کرنے والے ماہرین پرحملے میں تیرہ افراد کی ہلاکت اور دو درجن سے زیادہ کے زخمی ہونے کے بعد گوادر میں بھی ایک خود کش حملہ ہو چکا ہے جبکہ کراچی میں بھی ایک چینی انجینئیر کو گولی ماری جا چکی ہے جبکہ ابھی تک پولیس نے اس سلسلہ میں کوئی قابل ذکر کامیابی حاصل نہیں کی ہے جو افسوسناک ہے۔ میاں زاہد حسین نے مذید کہا کہ افغانستان کی صورتحال سے وقتی طور پر پاک افغان تجارت مدوجذر کا شکار ہے۔ درآمد کنندگان کچھ خریدنے کو تیار نہیں جبکہ پاکستانی برآمدکنندگان طالبان کی جانب سے ٹریڈ پالیسی اور کسٹم ڈیوٹی کے اعلان کے منتظر ہیں۔ ایک طرف افغانستان میں عد م استحکام سے تجارت متاثر ہو رہی ہے تو دوسری جانب پاکستان میں دہشت گردی کا امکان بھی ہے اس لئے سیکورٹی کے ذمہ دار اداروں کو الرٹ رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے نہ صرف ہماری معیشت متاثر ہو گئی بلکہ کاروباری برادری کا اعتماد جو بہتر ہو رہا ہے متاثر ہو جائے گا۔