دبئی(رپورٹنگ آن لائن)صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ دبئی ایکسپو پاکستان کو دنیا تک رسائی کا بہترین موقع دے رہی ہے،خلیجی اخبار کو انٹرویو میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دبئی ایکسپو میں ہماری فعال موجودگی جیو اکنامکس پر توجہ کی علامت ہے،
ان کا کہنا تھا کہ دبئی ایکسپو میں پاکستانی پویلین کا مقصد ملک کے مثبت رخ اور ثقافتی ورثے کو ظاہر کرنا ہے، پاکستان یو اے ای برادرانہ تعلقات میں پیش رفت ہوئی ہے، خلیجی ممالک سے مضبوط اور کثیر الجہتی تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی حصہ ہیں،
انہوں نے زور دیا کہ پر امن افغانستان علاقائی رابطوں، اقتصادیات اور ترقی کے لیے ضروری ہے، پر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ افغانستان میں امن کا سب سے بڑا خواہش مند پاکستان ہے، وہاں استحکام اور دیرپا امن کے لیے عالمی برادری کا تعمیری کردار ضروری ہے، افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے بھی عالمی برادری کا کردار ضروری ہے
، قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی 2 روزہ دورے پر دبئی پہنچے تو متحدہ عرب امارات کے وزیرانصاف عبداللہ بن سلطان نے صدر عارف علوی کا استقبال کیا،عارف علوی متحدہ عرب امارات میں کاروباری افراد، سرمایہ کاروں، آئی ٹی کمپنیوں اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے، صدر مملکت دبئی میں روشن اپنا گھر پروگرام کی تقریب رونمائی میں بھی شرکت کریں گے،
صدر مملکت کے دورہ دبئی کا مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں تجارتی و معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے،دورہ یو اے ای کے دوران صدرِ پاکستان دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین کا افتتاح کریں گے، وہ عرب امارات کے معززین سے ملاقات بھی کریں گے۔