وزیر اطلاعات

دادا کی یاد، نواز شریف اور قومی ہیروز کو خراجِ تحسین’یومِ تکبیر پر عطااللہ تارڑ کا جذباتی پیغام

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے یومِ تکبیر کے موقع پر سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے معماروں اور قومی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔

اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ میں عطا تارڑ نے اپنے دادا، سابق صدرِ پاکستان محمد رفیق تارڑ کی یاد تازہ کرتے ہوئے لکھا دادا جی مرحوم و مغفور کی آنکھیں نم تھیں اور زبان پر نعرہ تکبیر تھا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دادا جی کہنے لگے کہ ہماری نسل نے پاکستان بنتے دیکھا، یہ اللہ تعالٰی کی عظیم نعمت ہے۔ آج نواز شریف نے پاکستان بچا لیا، ہمارے دفاع کو ہمیشہ کے لیے ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر میاں نواز شریف تک جنہوں نے پاکستان کو ایک ایٹمی قوت بنانے کے سفر میں اپنا کردار ادا کیا، قوم ان تمام رہنماؤں کو سلام پیش کرتی ہے۔

عطا تارڑ نے سائنسدانوں، انجینئرز، اور افواجِ پاکستان کے اْن افسران کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے اس تاریخی کارنامے میں حصہ لیا۔وفاقی وزیر نے اپنے دادا، سابق صدر رفیق تارڑ کی میاں نواز شریف اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ساتھ نایاب تصاویر بھی شیئر کیں، جنہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔