علی محمد خان

خیبر پختونخوا کی عوام کسی بھی قسم کے آپریشن کے خلاف ہے ،آپریشن تب ہوناچاہئیے جب عوام کی حمایت حاصل ہو،علی محمد خان

راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن)پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہخیبر پختونخوا کی عوام کسی بھی قسم کے آپریشن کے خلاف ہے ،آپریشن تب ہوناچاہئیے جب عوام کی حمایت حاصل ہو،صوبہ کے لوگ بندوق برداری سے تنگ ہیں وہ روزگار،امن اور علم چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے بنوں واقعے پر بہت زیادہ غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امن ہی واحد راستہ ہے جس سے پاکستان آگے جا سکتا ہے ،صوبائی حکومت شفاف وغیرجانبدارانہ انکوائری کرائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے 190 ملین پاﺅنڈ کیس کی سماعت کے دوران ملاقات ہوئی ہے۔ القادر ٹرسٹ کیس میں بیان ریکارڈ کرانے ایک بار پھرپرویز خٹک تشریف لائے تھے۔پرویز خٹک نے میری طرف دیکھا میں نے ان کی طرف دیکھا میں کچھ نہیں بولا۔دل میں یہ خیال آیا وفا کتنی اچھی چیز ہے کاش ہر کسی میں ہوتی۔

علی محمد نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بنوں واقعے پر بہت ہی زیادہ غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔بانی پی ٹی آئی نے واضح کہا ہے امن ہی واحد راستہ ہے جس سے پاکستان آگے جا سکتا ہے۔

اگر کچھ لوگ امن کے لیے نکلتے ہیں امن مانگتے ہیں ان پہ گولی نہیں چلانی چاہیے تھی۔بنوں میں امن مارچ میں گولیاں چلنے کے واقعے پر بانی پی ٹی آئی نے صوبائی حکومت کو شفاف انکوائری کی ہدایت کی ہے۔علی آمین گنڈا پور کیلئے بانی پی ٹی آئی کی ہدایات ہیں ہائی کورٹ کے سیٹنگ ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

بانی پی ٹی آئی نے صوبائی حکومت کو واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے عوام کسی بھی قسم کے آپریشن کے خلاف ہیں۔آپریشن تب ہی کرنا چاہیے جب وہ صوبہ اور وہاں کے عوام سمجھیں کہ اس کی ضرورت ہے۔

تب کسی بھی قسم کے آپریشن کو عوام کی حمایت حاصل ہوگی۔خیبر پختون خوا کی صوبائی حکومت نے اسمبلی کی قرارداد میں کسی بھی نئے اپریشن کی مخالفت کی ہے۔خیبر پختون خوا کی عوام آپریشن کیلئے تیار نہیں۔ماضی میں جتنے آپریشن ہوئے ہیں اس سے بہت سے مسائل پیدا ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ کل جو لوگ امن کیلئے نکلے ہیں وہ بھی صرف تحریک انصاف کے لوگ نہیں تھے۔ اس میں ہر جماعت کے لوگ تھے۔ عوام امن کی خواہش کے لیے نکلے ہیں۔ خیبرپختونخواہ کے لوگ بندوق برداری سے تنگ ہیں۔ عوام روزگار،امن اور علم چاہتے ہیں۔