اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ خیبر اور بنوں میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر پوری قوم کو فخر ہے جہاں 13 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس ” پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے بہادر جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور قربانیوں کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی افواج کو سلام پیش کرتے ہیں جو دن رات وطن عزیز کی حفاظت کے لیے ہر محاذ پر ڈٹی ہوئی ہیں، ان کی جرات اور حب الوطنی ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے جوانوں کی حفاظت فرمائے اور ملک پاکستان کو ہمیشہ امن و استحکام کا گہوارہ بنائے۔








