بلدیاتی انتخابات

خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ، الیکشن کمیشن کا 221پولنگ اسٹیشنز پر ری پول کا اعلان

پشاور(رپورٹنگ آن لائن ) خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں الیکشن کمیشن نے 12 مختلف اضلاع کے 221 پولنگ اسٹیشنز پر ری پول کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے 12 مختلف اضلاع کے 221 پولنگ اسٹیشنز پر ری پول کا اعلان کر دیا۔ خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے ری پول 13 فروری کو ہونگے۔ پولنگ ان پولنگ اسٹیشن پر ہوگی جہاں الیکشن مواد، پولنگ ریکارڈ، بیلٹ بکس چھینے، اسٹاف کے اغوا اور یرغمال بنانے کے واقعات ہوئے تھے۔

پشاور کے 1،نوشہرہ 2، خیبر کے 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی جبکہ مردان کے 3، کوہاٹ درہ آدم خیل کے تمام 54 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا ہے۔ پولنگ ان نشستوں پر بھی ہے جہاں امیدوار انتقال کر گئے تھے جبکہ 6 پولنگ اسٹیشن کے کیسز ابھی عدالت میں ہیں جن پر جلد فیصلہ ہوگا، پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہوگی۔