اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اور جنوبی اضلاع میں گیس کے ذخائر اس خطہ کی معاشی ترقی کی نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی آسودگی میں مثالی کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایم ڈی آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ احمد حیات لک سے گفتگو کے دوران کیا۔
گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ایم ڈی نے گورنر کو بلوچستان ، خیبرپختونخوا اور بالخصوص خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں گیس کے ذخائر اور اس کے ثمرات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔
انہوں نے گورنر کو بتایا کہ مجموعی طور پر او جی ڈی سی ایل نو ہزار بیرل کے ذخائر دریافت کر چکا ہے جنوبی اضلاع لکی مروت ، ٹانک ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ملحقہ علاقوں میں گیس کے ذخائر پاکستان کو کویت کے ہم پلہ بنانے کے قابل ہیں تاہم سکیورٹی مسائل ہیں۔
گورنر نے کوٹ پلک منصوبہ کے حوالہ سے کام میں تیزی لانے کو ضروری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان ذخائر سے کوٹ پلک اور گرد و نواح کے باسی گیس کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع میں قیام امن کے حوالہ سے سکیورٹی فورسز بھرپور کام کررہی ہیں ۔ملاقات میں او جی ڈی سی ایل کے سی ایس آر فنڈز کے حوالہ سے بھی گفتگو کی گئی گورنر نے کسان ایوارڈ اور کھیلوں کے فروغ کے حوالہ سے بھی او جی ڈی سی ایل کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی تعاون کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔









