گیسٹرو

خیبرپختونخوا،14روز میں گیسٹرو کے 19ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

پشاور(رپورٹنگ آن لائن)خیبرپختونخوا میں گیسٹرو کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں صرف 14دنوں کے دوران 19ہزار 534گیسٹرو کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،یہ کیسز صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں 24فروری سے 2مارچ کے درمیان رجسٹر کیے گئے۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے کے 2082طبی مراکز میں سے 1826نے گیسٹرو کے متاثرہ مریضوں کے اعداد و شمار فراہم کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ کیسز پشاور میں سامنے آئے، جہاں 2ہزار 591مریض رپورٹ ہوئے جبکہ چارسدہ میں 1913، سوات میں1369، ڈیرہ اسماعیل خان میں 1202، نوشہرہ میں 1086اور دیر لوئر میں 1012کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

صوبے میں سانس اور سینے کی بیماریوں کے 8ہزار 367کیسز بھی رپورٹ کیے گئے ہیں، جبکہ مچھروں اور مکھیوں سے پھیلنے والی بیماریوں سے 3ہزار 845افراد متاثر ہوئے ہیں۔