خوردبرد

خوردبردکا الزام؟عدالت نے اینٹی کرپشن کو ڈی جی ایکسائز کے خلاف انکوائری کا حکم دیدیا

شہباز اکمل جندران۔۔

ایکسائز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ایڈیشنل ڈی جی اور سابق ڈائیریکٹر جنرل رضوان اکرم شیروانی کے خلاف مقامی عدالت نے اینٹی کرپشن حکام کو کرپشن اور خوردبرد کے الزامات پر انکوائری کا حکم جاری کر دیا ہے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور شہباز کھگہ کی عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا ہے کہ اینٹی کرپشن کی ہدایات پر ایکس آفیشو ڈائیریکٹر اینٹی کرپشن، ایڈیشنل سیکرٹری ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب عمران اسلم نہ صرف خود الزام علیہ رضوان اکرم شیروانی کے ماتحت ہیں بلکہ انہوں نے ڈی جی کے خلاف انکوائری کے لئے ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن کو معاملہ تفویض کیا جو کہ الزام علیہ سے دو درجے جونئیر ہے ایسے میں انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا جاسکتا۔ اینٹی کرپشن خود رضوان اکرم شیروانی کے خلاف انکوائری کرے۔

واضح رہے مقامی شہری کی طرف سے سابق ڈائیریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب رضوان اکرم شیروانی کے خلاف درخواست میں موقف اختیار کیا گیاتھا کہ رضوان اکرم شیروانی18 -2017لاہور میں میں قائم کردہ سہولت مراکز کے پراجیکٹ ڈائیریکٹر مقرر کئے گئے اور انہوں نےبطور پی ڈیFacilitation Centersچار کروڑ روپے سے زائد مالیت کے کمپیوٹر، یوپی ایس، پرنٹر، سکینر، ایل ای ڈی، ائیرکنڈیشنر، فوٹو کاپی کی مشینیں،واٹر ڈسپنسر، فرنیچر اور دیگر اشیا خریدیں۔تاہم اب یہ سہولت مراکز ختم کردیئے گئے ہیں۔اور چار کروڑ روپے مالیت کا یہ سامان مبینہ طور پر خورد برد کرلیا گیا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق موٹر برانچ لاہور ایڈمن افسر اور ترجمان سفیر عباس کا تحریری موقف ہے کہ موٹربرانچ کو محض 11 ایل ای ڈی، دو عدد سی پی یو، سات پرنٹر، اور محض 12 فرنچر فکسچر پراجیکٹ کی طرف سے موصول ہوئے۔

درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ پراجیکٹ ڈائیریکٹر سہولت مراکز ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا ریکارڈ قبضے میں لیتے ہوئے انکوائری کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔