شفیع جان 13

خواجہ آصف ایک شکست خوردہ شخص ہے،شفیع جان کا وزیر دفاع کے بیان پر ردعمل

پشاور(رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات شفیع جان نے وزیر دفاع کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف ایک شکست خوردہ شخص ہے، بیانات دینے سے قبل امن جرگے کے منظور شدہ نکات کا مطالعہ کر لیں جس پر 15 جماعتوں کے دستخط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف مسلسل بیان بازی جعلی وفاقی وزرا کی شدید بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ کا نتیجہ ہے، وفاقی حکومت کا دہشت گردی جیسے سنگین قومی مسئلے پر سیاست کرنا نہایت افسوسناک اور قابل مذمت ہے،شفیع جان نے کہا کہ دہشت گردی ایک قومی مسئلہ ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی دہشت گردی کے خلاف پالیسی پہلے دن سے واضح، دو ٹوک اور پوری قوم کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کا دہشت گردی اور شہدا کے جنازوں پر سیاست کرنا وفاق پر مسلط کرپٹ ٹولے کا پرانا وطیرہ ہے۔

وفاق پر مسلط جعلی حکومت کے وزرا دہشت گردی جیسے حساس معاملے کو اپنی مردہ سیاست میں جان ڈالنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں تاہم وہ ہمیشہ کی طرح اس میں ناکام ہوں گے کیونکہ قوم نے اصل مینڈیٹ بانی چئرمین عمران خان کو دیا ہے،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے صوبائی حکومت بھرپور اور سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔وزیراعلی سہیل آفریدی نے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ایک جامع امن جرگہ منعقد کیا جس میں متفقہ طور پر 15 نکات کی منظوری دی گئی جن پر اپوزیشن لیڈر سمیت تمام سیاسی قیادت کے دستخط موجود ہیں،شفیع جان نے خواجہ آصف کو مشورہ دیا کہ وہ بیانات دینے سے قبل امن جرگے کے منظور شدہ نکات کا مطالعہ کر لیں،معاون خصوصی نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا میں بہتر طرز حکمرانی اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے ٹھوس اور مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں،

وزیراعلی سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت گورننس کے میدان میں سب سے آگے ہے، خیبر پختونخوا حکومت کی ڈیجیٹل گورننس کو بھی عالمی سطح پر سراہا گیا ہے جبکہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت کرپشن میں سرفہرست ہے،شفیع جان نے خواجہ آصف پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی سہیل آفریدی کے سندھ کے دورے پر خواجہ آصف کی تکلیف ان کے غیر جمہوری اور تنگ نظر رویے کا واضح ثبوت ہے۔

فارم 47 پر منتخب جعلی وزیر خواجہ آصف الزام تراشی چھوڑ کر اپنا فارم 45 قوم کے سامنے پیش کریں،فارم 47 والے جعلی وزیر عوام کو کیسے یقین دلائیں گے کہ وہ ان کے منتخب نمائندے ہیں انہوں نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ خواجہ آصف ریحانہ ڈار سے الیکشن ہار چکے ہیں وہ ایک شکست خوردہ شخص ہیں،ایسے شخص کو چاہیے کہ الزام تراشی کی سیاست کی بجائے اپنی کارکردگی قوم کے سامنے پیش کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں