لاہور(رپورٹنگ آن لائن)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کی منزل ابھی دور ہے مگر پاکستان کی سمت، عزم اور اقدامات بڑے واضح ہیں ،ہم پورے عزم کے ساتھ خواتین کے حقوق کی فراہمی کے لئے سرگرم عمل ہیں اور انشاء اللہ ہم اس مشن میںکامیاب بھی ہوں گے،قیام پاکستان میں فاطمہ جناح سمیت دیگر خواتین فر نٹ لائن پر کام کرتی رہی ہیں جن پر ہمیں فخر ہے،بحیثیت قوم ہم خواتین کو معاشرے و ریاست پاکستان کے لئے شاندار کاوشوں پرسلام پیش کرتے ہیں۔
وہ گور نر ہائوس لاہور میں ویمن پیس کونسل اور سی ای اوز 101کے زیر اہتمام فاطمہ جناح نیشنل پرائیڈ ایوارڈ ز تقسیم کر نے کی تقر یب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پر ویمن پیس کونسل کی چیئر پر سن و گور نر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور ، جسٹس (ر) ناصر ہ جاوید اقبال،کیپٹن (ر) رفعت حئی،سماجی کارکن مسرت مصباح ،ماہر زراعت زنیت صوبی اور سماجی کارکن فر یال گوہر،عظمی کاردارسمیت دیگر بھی موجود تھے۔گور نر پنجاب چوہدری سرور نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی خواتین میں ایوارڈ بھی تقیم کیے۔
تقر یب سے خطاب کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے وہاں خواتین کی ترقی اور انکا تحفظ لازم ہوتا ہے ہمیں درپیش سماجی ومعاشی مشکلات کے باوجود پاکستان میں قیادت کے کلیدی مناصب پر خواتین کی تعداد میںبتدریج اضافہ ہوا ہے۔ ہمارے ملک میں ایک خاتون وزیراعظم رہیں، کم عمر ترین نوبل پرائز جیتنے والی خاتون کا تعلق پاکستان سے ہے، گورنر سٹیٹ بنک اور قومی اسمبلی کی سپیکر کے علاوہ ایک بڑی تعداد میں خواتین وزرا کے علاوہ سفارت کار، ججز اور اعلی سطح کی سول سرونٹس اور ڈپلومیٹس ہیں ہماری خواتین لڑاکا طیارے اڑاتی ہیں، اقوام متحدہ کے امن دستوں میں خدمات انجام دیتی ہیں جبکہ ایک خاتون آرمی میں تھری سٹار جنرل بھی بنی ہیں ۔ گور نر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کی منزل ابھی دور ہے ہمیں اس راہ میں آنے والی مشکلات کا پورا ادراک ہے لیکن ہم اپنے آہنی عزم سے اس ضمن میں اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں سے آگے بڑھتے ہوئے ہم اپنے اہداف حاصل کرکے رہیں گے موجودہ حکومت احساس پروگرام سمیت ہر منصوبے میں خواتین کو انکا حق دے رہی ہے ۔گور نر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور نے کہا کہ پاکستانی خواتین میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں الحمد للہ آج پاکستانی خواتین تعلیم ‘صحت ‘سپورٹس اور بزنس سمیت ہر شعبے میں کامیابی سے آگے بڑ ھ رہی ہے اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہی ہے خواتین کے ساتھ ہونیوالے مظالم اور ناانصافی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا جسکے لیے ضروری ہے کہ حکومت کے ساتھ ساتھ ہر پاکستانی بھی اپنی ذمہ داری پوری کر ے ۔
پروین سرور نے کہا کہ سرور فائونڈیشن خواتین کو مفت ہنر سکھانے کیلئے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں 150سے زائد سنٹرز چلا رہی ہے اور خواتین کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہفتہ وار میڈ یکل کیمپ بھی لگائے جاتے ہیں ہم خواتین کیساتھ انکو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال نے کہا کہ خواتین کی مضبوطی سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا اس لیے حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ خواتین کو انکے بنیادی حقوق کی فراہمی کیساتھ انکے جان ومال کے تحفظ کو بھی یقینی بنائے اور خواتین کے ساتھ ظلم کر نیوالے عناصر کو نشانہ عبر ت بنایا جائے تاکہ خواتین کے ظلم اور ناانصافی جیسے واقعات کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے ۔