لاہور (رپورٹنگ آن لائن) سابق گورنر پنجاب اور جذبہ فاؤنڈیشن کے صدر لیفٹننٹ جنرل (ریٹائر) خالد مقبول نے کہا ہے کہ خواتین کو درپیش تعلیم و صحت کے مسائل، علاج معالجہ کی سہولیات تک رسائی، بہتر معیار زندگی اور بچوں کی صحت مند نشو و نما کیلئے خواتین کو معاشی لحاظ سے با اختیار اور مظبوط کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم کے ساتھ مختلف شعبوں اور دستکاریوں میں تربیت بھی حاصل کرنا چاہیے کیونکہ ہنر مند (سکلڈ وومن) خواتین ذاتی کاروبار کر کے خود انحصاری کی منزل حاصل کر کے اپنی معاشی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ خاندان / بچوں کی کفالت میں بھی موثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ خالد مقبول نے مزید کہا کہ جذبہ فاؤنڈیشن وسائل سے محروم ہنر مند مستحق خواتین کو ذاتی کاروبار شروع کرنے یا اسے وسعت دینے کیلئے جوکی سلائی مشینیں، بیوٹی پارلر کا سامان، چیئر، آلات، بیوٹی پارلر کٹس اور کمپیوٹر ایجوکیشن سینٹر قائم کرنے کیلئے مکمل کمپیوٹر سیٹ فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج رائل پام کلب میں ہنر مند خواتین میں جوکی مشینیں، بیوٹی پارلر کے آلات، چیئر ز اور کمپیوٹر تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر کیا۔ تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائر) خالد مقبول کے پاک فوج کے ریٹائر کولیگز، جذبہ فاؤنڈیشن کے عہدہ داروں اور ڈونرز نے بھی شرکت کی۔ خالد مقبول نے بتایا کہ جذبہ فاؤنڈیشن مخیر حضرات کے مالی تعاون سے اب تک ایک ہزار ہنر مند خواتین کو اپنے کاروبار کو وسعت دینے اور نیا بزنس شروع کرنے کیلئے 9 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی جوکی انڈسٹریل سلائی مشینیں، بیوٹی پارلر کا سامان، چیئر ز، بیوٹی کٹس اور کمپیوٹر ایجوکیشن کیلئے کمپیوٹر سیٹس بلکل مفت فراہم کر چکی ہے۔ خالد مقبول کا کہنا تھا کہ ایک ہزار خواتین کو بزنس کے فراہم کرنا در اصل ایک ہزار خاندانوں کو معاشی خوشحالی کی جانب گامزن کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی اقتصادی ترقی، خوشحالی اور صحت مند معاشرہ تشکیل دینے کیلئے خواتین کو با اختیار (women empowerment) بنانا نا گزیر ہے۔

خالد مقبول کا کہنا تھا کہ خواتین وسائل کی کمی، غربت کی وجہ سے بہت سے گھریلو اور سماجی مسائل کا شکار ہوجاتی ہیں جس سے نجات کا واحد حل یہی ہے کہ خواتین تعلیم کے ساتھ دستکاری، سلائی کڑھائی اور دیگر شعبوں میں تربیت حاصل کر کے خود کفالت کی حاصل کریں اور اپنی فیملی کو سپورٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جذبہ فاؤنڈیشن صاحب ثروت اور مخیر حضرات کے تعاون سے ہنر مند خواتین کو خود کفالت کی منزل کے حصول میں مدد و تعاون جاری رکھے گی۔ اس موقع پر 3.24 ملین روپے مالیت سے 4 کمپیوٹرائزڈ نٹنگ مشینیں، 17 انڈسٹریل جوکی سلائی مشینیں، 20 بیوٹیشنز کو بیوٹی پارلر کا سامان، 4 خواتین کو کمپیوٹر اور دو خواتین کو عام سلائی مشینیں مفت فراہم کی گئیں۔









