اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ خواتین مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہراسگی کا شکار ہوتی ہیں۔سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ نے ہراسگی سے متعلق اہم فیصلہ جاری کردیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ لاکھوں افراد کام کی جگہوں پرہراسگی سے متاثر ہوتے ہیں۔ مردوں کے مقابلے میں خواتین زیادہ ہراسگی کا شکار ہوتی ہیں۔ گلوبل جینڈر گیپ انڈکس 2024 کے مطابق دنیا کے 146 ممالک میں سے پاکستان 145 نمبر پر ہے۔فیصلے کے متن کے مطابق امریکا کی سپریم کورٹ نے ایک فیصلے میں کہا یرغمالی ماحول بھی ہراسگی کی تعریف میں آتا ہے۔
لیڈی ڈاکٹر سدرہ نے اپنے ڈرائیورکے خلاف ہراسگی کے معاملے پر پنجاب محتسب سے رجوع کیا تھا۔ محتسب نے ڈرائیور محمد دین کو جبری ریٹائرمنٹ کی سزا دی۔لاہور ہائی کورٹ نے جبری ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست مسترد کردی تھی جب کہ ڈرائیور نے گورنر پنجاب کو ریپریزنٹیشن بھیجی جو مسترد ہوئی۔ سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف درخواست خارج کر دی۔