ہمایوں اختر خان

خطے کی نازک صورتحال میں اپوزیشن کی سرگرمیاںکسی طرح بھی قابل ستائش نہیں’ہمایوں اخترخان

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ خطے کی نازک صورتحال میں اپوزیشن کی سرگرمیاں کسی طرح بھی قابل ستائش نہیں ،اپوزیشن صرف اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے دوبارہ جلسے جلوسوں کی سیاست کرنا چاہتی ہے جو اس کے اپنے گلے پڑے گی،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان موجودہ کڑے وقت میں بھی سر خرو ہو کر نکلے گا،کنٹونمنٹ بورڈزکے بلدیاتی انتخابات میںعوام اپنے ووٹ کی طاقت سے منفی بیانیے والوںکو یکسرمسترد کردیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے کنٹونمنٹ بورڈ ز کے بلدیاتی انتخابات کے سلسلہ میں حلقہ این اے 131کے مختلف وارڈزمیں پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں کارنر میٹنگزسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اخترخان نے کہاکہ آج جب پوری دنیا افغانستان کی صورتحال کی وجہ سے سوچ بچار میں مصروف ہے اور خطے کے حالات بالواسطہ یا بلاواسطہ پاکستان سے جڑے ہوئے ہیں لیکن اپوزیشن قومی سیاست کی بجائے اپنی ذاتی سیاست کو پروان چڑھانے کی ناکام کوشش کررہی ہے ۔ اپوزیشن والے جانتے ہیںکہ جب سے پی ڈی ایم کا وجود تشکیل پایا ہے اس نے سوائے ناکامیوں کے کچھ حاصل نہیں کیا اور اب بھی ان کی ناکامیاں کامیابیوں میں تبدیل نہیں ہوسکتیں ۔

پی ڈی ایم تیزی سے اس جانب گامزن ہے جو آنے والے وقتوں میں بھی اپوزیشن اتحادوں کیلئے عبرت کا نشان بنے گا۔ انہوںنے کہا کہ الحمداللہ پاکستان ہرشعبے میں ترقی کی جانب گامزن ہے البتہ کرپشن کاکاروبا رکرنے والوںکیلئے شدید مندی کا رجحان ہے اوراب یہ دوبارہ کبھی عروج حاصل نہیں کر سکے گا۔انہوںنے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ووٹرز کے جوش وخروش سے واضح ہے کہ عوام حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ موجودہ حکومت اپنے عزم کے ساتھ ملک کی کشتی کو بھنور سے نکال کرلائی ہے۔