سلیم حیدر خان 14

خطے کی موجودہ جنگی صورتحال پر قوم کومتحد ہونے کی ضرورت ہے’سردار سلیم حیدر خان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ جنگی صورتحال پر قوم کومتحد ہونے کی ضرورت ہے،نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں اوربلاول بھٹو زرداری نوجوان لیڈر ہیں،آئندہ الیکشن میں بلاول بھٹو کو عوامی مینڈیٹ سے ملک کا وزیراعظم بنانا ہے۔پی ایم ایل (ن) یوتھ ونگ چکوال کے مستعفی عہدیداران کاپیپلزپارٹی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار خوش آئند ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر انیکسی راولپنڈی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ چکوال کے مستعفی عہدیداران اور اسلام آباد راولپنڈی کی مختلف یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنرپنجاب نے مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے مستعفی ہونے والے عہدیداروں کو خوش آمدید کہا اور پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کسان، تاجر،مزدور اور پسے ہوئے طبقے کی جماعت ہے۔ پیپلز پارٹی نے عوام کے حقوق وانصاف کی بالادستی کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے اور ہمیشہ کرتی رہے گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ خطے کی موجودہ جنگی صورتحال پر قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے کارکن اور ورکرز کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کرتی ہے۔

حکمران جماعت کے کارکنوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنا پیپلز پارٹی کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ہم سب نے مل کرآئندہ الیکشن میں بلاول بھٹو کو عوامی مینڈیٹ سے وزیراعظم پاکستان بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں نئے شامل ہونے والے رہنماں نے موجودہ قیادت بلاول بھٹو زرداری اور صدرآصف علی زرداری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مختلف یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کیہ نوجوان طلبا ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں اور بلاول بھٹو بھی نوجوان لیڈر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری میں ایسی قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں جو ملک کو آگے لے کرجاسکتے ہیں۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ اگر نوجوانوں کی قیادت مخلص اور باصلاحیت ہو تو طلبا کی آواز ایوانوں تک ضرور پہنچتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نہ صرف اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کررہے ہیں بلکہ ملک کی سیاست میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں