اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی خطرناک ہے جس کا فوری اور مستقل حل تلاش کرنا ضروری ہے، سفارت کاری اور مذاکرات ہی مسائل حل کرنے کا واحد مؤثر راستہ ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم اور نائب وزیر اعظم کے مختلف ممالک کے ہم منصبوں سے رابطے ہوئے، پاکستان کی خطے میں قیام امن کے لیے کوششیں جاری ہیں، سعودی عرب ،مصراور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے کردار ادا کرتا رہا ہے، مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال پر پاکستان، سعودیہ، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کی سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے۔









