ریاض (رپورٹنگ آن لائن)ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران خطے میں صرف اور صرف امریکی فوجی اہداف کو پوری درستی کے ساتھ نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم صرف اپنا دفاع کر رہے ہیں اور پڑوسی ممالک پر جارحیت نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ تہران ان مقامات کو نشانہ بناتا ہے جہاں سے ایران پر حملے کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم خطے کے تمام ملکوں کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہیں۔ سعودی عرب پر ہمارے حملے کی باتیں محض الزامات ہیں۔ اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ایران کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے غیر قانونی حملے کا سامنا ہے۔ یہ جنگ ہم پر مسلط کی گئی ہے، ہم نے اس کا آغاز نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں اجتماعی سلامتی کے خواہاں ہیں۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ تمام ایرانی ادارے قانون کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ اندرونی معاملات بہتر طریقے سے چل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عارضی قیادت کونسل اس وقت ملک کے معاملات چلا رہی ہے۔واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے اسماعیل بقائی نے کہا کہ جنگ سے پہلے بات چیت اچھے انداز میں چل رہی تھی۔ واشنگٹن ہی وہ فریق ہے جس نے اسے ناکام بنایا۔ واشنگٹن کے ساتھ موجودہ مذاکرات کی موجودگی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ایرانی ترجمان نے کہا کہ ہم اب دفاع پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔









