جمشید اقبال چیمہ 60

خریف کی 20فیصد فصلیں مکمل تباہ ،حکومت آنے والے حالات سے نمٹنے کی منصوبہ بندی کرے ‘ جمشید اقبال چیمہ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ خریف کی 20فیصد فصلیں مکمل تباہ ہو گئی ہیں ، سیلاب اترنے کے بعد جو اثرات سامنے آئیں گے اس کے لئے منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے لیکن حکومت اس کے لئے تیار ی کرتی نظر نہیں آتی ۔

اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ ملتان ،جھنگ ،چنیوٹ ،وہاڑی ،ساہیوال ،اوکاڑہ ،قصور ،خانیوال،لاہور سمیت دیگر سیلاب سے متاثرہ اضلاع میںمونجی ، مکئی ، سبزیاں ، دالیں ، تل سمیت دیگر فصلیں تباہ ہو گئی ہیں اور ابتدائی طو رپر اس کا 20فیصد کا تخمینہ ہے جو بہت بڑا نقصان ہے ، لائیو سٹاک کی تباہی اس کے علاوہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں کسی کی مخالفت میں بات نہیں کر رہا لیکن حکومت کی توجہ ریلیف آپریشن اور آنے والے دنوں کی مشکلات سے نمٹنے کی بجائے ٹک ٹا ک اور ویڈیوز بنانے پر مرکوز ہے ۔سیلاب کی وجہ سے غربت کے نمبرز زیادہ خطرناک ہو نے جارہے ہیں.

اجناس کے نقصان کے بعد ہم قحط کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔حکومت سے اپیل ہے کہ ٹک ٹاک چھوڑ کرسیلاب متاثرین کی مشکلات کم کرنے کی طرف توجہ دے ، آنے والے دنوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بیماریاں پھوٹ پڑیں گی ان سے نمٹنے کی منصوبہ بندی کی جائے، انہیں دوبارہ گھروں میں آباد کرنے ،فصلیں لگانے کے لئے زمین کی تیاری ، بیجوں اورزرعی داخل کی فراہمی کے لئے منصوبہ بندی کا آغاز کریں ۔انہوں نے مزید کہا کہ بد قسمتی سے موجودہ حکومت کے دور میں ہر سطح پر ٹک ٹاک کی وباء پھیل گئی ہے ، ماچس کی ڈبی سے کار خریدنے تک ٹیکس دینے والوں کے لئے کوئی آسانی پیدا نہیں کی جارہی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں