لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ میں خاوند کے اغواء کے مقدمہ میں ملوث ملزمہ کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم پیش ہوئے ،عدالت نے ملزمہ کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست واپس لینے کی بنا پر نمٹادی۔
جسٹس عبہر گل نے ملزمہ رباب کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔ملزمہ رباب عدالت کے روبرو پیش ہوئیں۔سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم ، ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل کے ہمراہ پیش ہوئے۔ سی پی او نے بتایا کہ ملزمہ رباب پر آشنا کیساتھ ملکر اپنے خاوند عاصم کو اغوا کروانے کا مقدمہ درج ہے،پہلی انویسٹی گیشن میں تفتیشی نے ملزمہ کو قصوروار قرار دیا .
دوسری تفتیش ڈی ایس پی کو دی گئی ، جس میں ملزمہ بے قصور ہے، جسٹس عبہر گل نے سی پی او گوجرانوالہ سے کہا پولیس کی تفتیش میں ملزمہ قصور وار ہے یا بے قصور ؟۔ سی پی او نے بتایا کہ پولیس تفتیش میں ملزمہ بے قصور ہے، خاوند کو اغوا کروانے میں اس کا کوئی کردار نہیں ، عدالت نے سی پی او کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے درخواست نمٹادی ۔