خانیوال(رپورٹنگ آن لائن ) خانیوال میں ہجوم کے ہاتھوں شہری کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ 15 مرکزی ملزمان کو شناخت کرکے گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال میں پولیس نے ہجوم کے ہاتھوں شہری کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا، مقدمہ تینتیس نامزد ملزمان اورتین سو نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا،مقدمے میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہے۔
پولیس نے پندرہ مرکزی ملزمان کوشناخت کرکےگرفتارکرلیا، مجموعی طور پر پچاسی افراد کو حراست میں لیا گیا، فوٹیجز کی مدد سے مزید ملزمان کی گرفتاری اورشناخت جاری ہے۔ واقعے کی ابتدائی رپورٹ وزیراعلی پنجاب کوپیش کردی گئی ہے ، ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے گرفتارملزمان نے اینٹوں اور ڈنڈوں سے شہری پر تشدد کیا۔
وزیراعلی اورآئی جی پنجاب سارے آپریشن کی خود نگرانی کررہے ہیں ، وزیراعلی عثمان بزدارنے انصاف کے تمام تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی اور کہا کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ا جازت نہیں دیں گے۔