اسلام آباد( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وزیر وزیر ہمایوں اخترخان نے کہاہے کہ ایسا لگتاہے کہ خاموشی اختیار کرنے پر ایاز صادق کو قیادت سے ڈانٹ پڑی اوروہ پھر ضرورت سے زیادہ ہی بول گئے جس کا ملک دشمن نے بھرپور فائدہ اٹھایا،مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو واضح نظر آرہاہے کہ اب ان کا مستقبل میں کوئی کردار نہیں اس لئے بوکھلاہٹ میں قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں،اگر عوام مسلم لیگ (ن) کے بیانیے کے ساتھ ہوتے تو انہیں لوگوں کو ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ بلا کرجلسوں میں شرکت کیلئے منتیں ترلے نہ کرنا پڑتے ۔
ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اخترخان نے کہا کہ پاک فوج نہیں بلکہ بھارتی فوج اس قدرخوف میں مبتلا تھی کہ اس نے اپنے ہی ہیلی کاپٹر مار گرائے جس میں ان کے اپنے فوجی مارے گئے ۔
پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارتی پائلٹ کو واپس کیا اورپوری دنیا نے پاکستان کے اس اقدام کو سراہا۔کیا ایاز صادق نے ملک کی سلامتی کیخلاف یہ بیان دے کر نیک نامی کمائی ہے ،آج انہیں نہ صرف عوام بلکہ اپنے ووٹرز کی جانب سے بھی سخت سوالات کاسامنا ہے ۔ ہمایوں اخترخان کہاکہ اپنی سیاست کے لئے اس حد تک نہیں جانا چاہیے کہ آپ قومی سلامتی کی حدود کو بھی عبور کر جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو اب اپنی دال گلتی ہوئی نظر نہیں آرہی اور آخری حربے کے طور پر قومی اداروں کے خلا ف اس نہج پر منفی مہم چلائی جارہی ہے جس میں انہیں سوائے ناکامی اوررسوائی کے کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ شنید ہے کہ پی ڈی ایم اتحاد کے حالات اچھے نہیں ہیں کیونکہ ان کے ریاست مخالف بیانیے پر عوامی رد عمل کاسامناہے ۔