سعید غنی

خالد مقبول صدیقی اور وسیم اختر نے ڈپٹی کمشنرکی بات نہیں مانی، سعیدغنی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن ) وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی اورسابق مئیرکراچی وسیم اختر نے ڈپٹی کمشنر کی بات نہیں مانی اور کہا کہ ہم وزیراعلی ہاوس کے باہردھرنا دیں گے۔ وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے ایم کیوایم پاکستان رہنماوں کو سمجھانے کی کوشش کی اور درخواست کی تھی کہ آپ لوگ وزیراعلی ہاوس کے بجائے پریس کلب جائیں۔

سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رہنما اورکارکنان کراچی پریس کلب جانے کے بجائے وزیراعلی پاس کی جانب گئے جس پر انتظامیہ کو نہ چاہتے ہوئے بھی ایکشن لینا پڑا۔ انھوں نے کہا کہ یہ تاثرغلط ہے کہ ایم پی اے کو پولیس کی جانب سے گھسیٹا گیا۔ بھگدڑ مچنے کی وجہ سے خواتین زخمی ہوئیں۔

صداقت حسین کارکنان کے ساتھ مل کر پولیس اہلکاروں کو ڈنڈے مار رہا تھا۔ وزیراطلاعات سندھ نےکہا کہ گذشتہ شام ایم کیو ایم پاکستان کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے پی ایس ایل کی ٹیمیں ہوٹلوں سے باہرنہیں نکلیں۔ جماعت اسلامی والے بھی کئی روز سے سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا دیے بیٹھے ہیں انھیں کچھ نہیں کہا گیا۔ سعید غنی نے کہا کہ جناح اسپتال میں اسلم نامی کوئی شخص نہیں آیا۔

سرکاری اسپتال میں علاج کے دوران کوئی جاں بحق نہیں ہوا۔ جناح اسپتال میں تین زخمی آئے تھے جو علاج کے بعد واپس چلے گئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے پہلے کہا گیا کہ بچے کی ہلاکت ہوئی۔ ایم کیو ایم کے ترجمان نے بعد میں کہا کہ کارکن جاں بحق ہوا۔