ریاض (ر پورٹنگ آن لائن) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے چینی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں
مختلف شعببوں میں سعودی عرب اور چین کے سٹریٹجک تعلقات اور انہیں فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے رابطے کے دوران جی 20 ممالک کی کوششوں،نومبر میں
سعودی عرب کی صدارت میں ہونے والی جی ٹونٹی کانفرنس اور کورونا وائرس کی وبا کے اثرات سے نمٹنے کے لیے گروپ کی
مشترکہ کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہ سلمان نے ٹیلیفونک رابطے کے دوران کہا کہ سعودی عرب وبا کے اثرات کم کرنے، بین
الاقوامی معیشت کو سہارا دینے اور اقوام عالم کی خدمت کے لیے گروپ میں شامل ممالک کے ساتھ جدوجہد کاخواہاں ہے۔
چینی صدر نے اس سال سعودی عرب کی زیر قیادت جی 20 گروپ کی کارکردگی پرشاہ سلمان کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ
وبا سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے سلسلے میں جی 20 کا کردار کلیدی رہا ہے، سعودی عرب نے تمام فریقوں
کے درمیان تعاون میں یکجہتی پیدا کرنے کے لیے موثر کردارادا کیا۔