لاہور (رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ(ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ حیرت ہے اب عثمان بزدار جیسا ریموٹ کنٹرول شخص بھی اپوزیشن پر تنقید کررہا ہے،عثمان بزدار کی اپنی کوئی حیثیت نہیں وہ اپوزیشن کی حیثیت بتانے چلے ہیں، بزدار صاحب آپکا اور آپ کے لیڈر کا یوم حساب قریب ہے، بس اب آپ نے اور آپکے لیڈر نے گبھرانا نہیں ہے، آپ تیاری کریں آپکے خلاف آپکے ہاوس میں عدم اعتماد آئے گی آپکو لگ پتہ جائے گا۔
وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ جناب آپ کی اپنی کرسی جہانگیرترین اور پرویز الہی کی مرہون منت ہے، آپ نے تحریک عدم اعتماد کا صرف نام سنا تو حواس باختہ ہو گئے ہیں، جتنا مال پانی جمع کرنا تھا کرلیا اب حساب کتاب کا وقت شروع ہو گیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ عمران خان ساڑھے تین سال سے جادو ٹونے اور جنتر منتر سے حکومت چلارہے ہیں، چندے اور جنتر منتر سے حکومتیں نہیں صرف پیر خانے ہی چل سکتے ہیں، عمران نیازی کی ڈوبتی کشتی کو بچانے کےلئے اب کوئی جادو ٹونے کام نہیں آئیں گے۔ عظمی بخاری نے مزید کہا کہ سب سے پہلے عمران خان اور عثمان بزدار کے نمبر آئیں گے کیونکہ سب فصلی بیٹرے فرار ہونے والے ہیں، تحریک عدم اعتماد بھی آئے گی اور لانگ مارچ بھی ہوگا کیوںکہ کپتان جارہا ہے،تبدیلی آرہی اور پرانا پاکستان بحال ہورہا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بکھری ہوئی پی ڈی ایم پہلے اپنے گھر کو دیکھے ، استعفوں سے راہ فرار اختیار کرنے والی اپوزیشن کا عدم اعتماد کا شوشہ بھی ناکام رہے گا، بعض جماعتیں پہلے ہی اپوزیشن اتحاد کے خلاف عدم اعتماد کرکے راستے جدا کر چکی ہیں۔